13 جولائی 2015 - 01:07
صیہونی نسل پرستانہ دیوارکی تعمیرجاری

صیہونی حکومت بین الاقوامی مخالفت کے باوجود فلسطینی علاقوں میں نسل پرستانہ دیوار کی تعمیر کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق تنظیم آزادی فلسطین نے اتوار کے دن کہا ہے کہ صیہونی حکومت کی نسل پرستانہ دیوار کی تعمیر کے غیر قانونی ہونے سے متعلق انٹرنیشنل کریمنل کورٹ کے فیصلے کو گیارہ سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود یہ حکومت اس دیوار کی تعمیر جاری رکھے ہوئے ہے- تنظیم آزادی فلسطین کے بیان کے مطابق صیہونی حکومت نے اس دیوار کا باسٹھ فیصد حصہ مکمل کر لیا ہے اور دس فیصد حصے کی تعمیر میں مصروف ہے جبکہ باقی اٹھائیس فیصد حصے کی تعمیر کی منصوبہ بندی کر رہی ہے- اس رپورٹ کے مطابق یہ نسل پرستانہ دیوار مکمل ہونے کے بعد گیارہ ہزار فلسطینی اپنے خاندانوں سے جدا ہو جائیں گے- اور پچیس ہزار سے زیادہ فلسطینی اس دیوار کی وجہ سے محاصرے میں آ جائیں گے- انٹرنیشنل کریمنل کورٹ نے نو جولائی دو ہزار چار میں فلسطینی علاقوں میں نسل پرستانہ دیوار کی تعمیر کو غیر قانونی قرار دیا تھا اور صیہونی حکومت سے کہا تھاکہ وہ اس کی تعمیر کا سلسلہ روک دے اور جتنی دیوار تعمیر کی گئی ہے اس کو منہدم کر دے- صیہونی حکومت نے سنہ دو ہزار دو سے مغربی کنارے میں نسل پرستانہ دیوار کی تعمیر شروع کی تھی- اس دیوار کی لمبائی سات سو پچاس کلومیٹر سے زیادہ اور اونچائی آٹھ میٹر ہے-

.......

/169